راجیہ سبھا میں آج صدر جمہوریہ کے خطاب پر تحریک شکریہ کی بحث کے دوران دلت اسکالر روہت ویمولا کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کے مطالبے پر بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) ممبران کی شدید ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ممبران کے ایوان کے وسط میں پہنچ جانے کے بعد ایوان کی کارروائی 11:28 بجے تک اور پھر دوپہر 12 بجےتک ملتوی کردی گئی۔
حیدر آباد یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی کے اسکالر روہت ویمولا نے گزشتہ 17
جنوری کو یونیورسٹی حکام کی ہراسانی کا سامنا کرنے کے بعد خودکشی کرلی تھی، جس کے بعد وسیع پیمانے پر احتجاج اور غم و غصے کا اظہار کیا گيا تھا۔
آج راجیہ سبھا میں صدر جمہوریہ کے خطاب پر تحریک شکریہ کی بحث کے لئے جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی ، بہوجن سماج پارٹی کے ممبران نعرے بازی کرکے ہنگامہ کیا ، جو روہت ویمولا کی خودکشی کے مبینہ ذمہ دار وزیروں کے فوری استعفی کا مطالبہ کررہے تھے۔